میسی نے ورلڈ کپ میں میراڈونا کا زیادہ گول کا ریکارڈ توڑ دیا

   میسی نے ورلڈ کپ میں میراڈونا کا زیادہ گول کا ریکارڈ توڑ دیا  دوحہ (نیٹ نیوز)ارجنٹائن کے لیونل میسی نے ورلڈ کپ کے دوران اپنے ایک ہزار میچ مکمل کر لیے اور ساتھ ہی میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی بار گول کرکے ہم وطن ڈیاگو میراڈونا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پانچواں ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی کیلئے یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول سکور کیا ہو۔ ان کے اسی گول کی وجہ سے ارجنٹائن کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں برتری حاصل کی، جسے جولیان ایلواریز نے 77ویں منٹ میں گول کرکے مزید مستحکم کر دیا تھا۔ آسٹریلیا نے میچ میں واپسی کی کوشش تو بہت کی لیکن اس کا واحد گول بھی وہ گول تھا، جو ارجنٹائن کے اینزو فرنینڈیز کے پاؤں سے لگ کر گول میں گیا۔ میچ میں شکست نے جہاں آسٹریلوی ٹیم کا سفر دوسرے مرحلے میں ختم کر دیا۔ وہیں ارجنٹائن کیلئے169واں میچ کھیلنے والے میسی نے اس میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، جن میں سرفہرست کریئر کا 789واں اور ارجنٹائن کیلئے94واں گول تھا۔ یوں ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے فٹ بالر کا فٹ بال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن سے فاصلہ مزید کم ہو گیا ہے۔ اس وقت دنیا میں انٹرنیشنل اور لیگ فٹ بال میں سب سے زیادہ گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے ہیں، جن کے مجموعی گولز کی تعداد 819 ہے۔ رونالڈو نے اس ریکارڈ کو بنانے کیلئے اب تک 1143 میچ کھیلے ہیں جبکہ دوسرا نمبر 530 میچوں میں 805 گول کرنے والے آسٹریا کے جوزف بیکان کا ہے۔ لیونل میسی کی نہ صرف صفر عشاریہ سات آٹھ کی اوسط رونالڈو سے بہتر ہے بلکہ ان کے میچز کی تعداد بھی کم ہے۔ انہیں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مزید 17 گول اسکور کرنے ہوں گے۔ ایک اور ریکارڈ جس پر میسی کی نظر ہو گی وہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ ہے۔ اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ 23 میچز میں 9 گول اسکور کرکے ہم وطن ڈیاگو میراڈونا کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، جن کے 21 میچوں میں 8 گول تھے اور اب وہ ہم وطن گیبرئیل بیٹسٹوٹا کے 12 میچوں میں 10 گول کے ریکارڈ سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ اب بھی میروسلاو کلوزے کے پاس ہے۔ جنہوں نے 24 میچز میں جرمنی کے لیے 16 گول اسکور کیے۔ مزید : کھیل اور کھلاڑی –
Source : https://dailypakistan.com.pk/06-Dec-2022/1516912

اپنا تبصرہ بھیجیں