واپڈا کھلاڑیوں میں 48لاکھ روپے پر مشتمل کیش ایوارڈز تقسیم

واپڈا کھلاڑیوں میں 48لاکھ روپے پر مشتمل کیش ایوارڈز تقسیم لاہور(سپورٹس رپورٹر)واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لئے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں میں 48لاکھ روپے پر مشتمل کیش ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ کامن ویلتھ گیمز میں و اپڈا کھلاڑیوں نے پاکستان کے لئے 2گولڈ،2سلور اور 2برونز میڈل جیتے جبکہ اسلامک سولیڈیریٹی گیمز اور پیرالمپک گیمز میں ایک ایک گولڈ میڈل جیتا۔چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے  میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کیش ایوارڈحاصل کرنے والوں میں نوح دستگیر، انعام بٹ، زمان انور، عنایت اللہ اور حیدر علی شامل ہیں جبکہ ارشد ندیم کو واپڈا ہاؤس میں گزشتہ روز(بدھ) کیش ایوارڈ دیا گیا کیونکہ انہیں اپنے علاج کے لئے بیرون ملک روانہ ہونا تھا۔ واپڈا کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ سپورٹس میں کامیابی کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ سخت محنت، عالمی معیارکی کوچنگ اور عالمی معیار کی تربیتی سہولیات کھیلوں میں ترقی کے لئے تین بنیادی اجزا ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کرے گا اور ساتھ ہی واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں جدید معیار کا جمنازیم بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے واپڈا سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ واپڈا کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے تمام کھلاڑیوں کی انفرادی تربیت کی حکمت ِ عملی مرتب کی جائے۔ممبر (پاور)، منیجنگ ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن)، جنرل منیجر(سپورٹس)،واپڈا ٹیمز اور آفیشلزنے بھی واپڈا سپورٹس بورڈ میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا گزشتہ پانچ دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔  واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی ملک کے لئے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ واپڈا اس وقت 36کھیلوں میں چمپیئن اور 21میں رنر اپ ہے۔ واپڈا کی مجموعی طور پر 65ٹیمیں ہیں جن میں 36مردوں اور 29خواتین کی ہیں۔ مزید : کھیل اور کھلاڑی –
Source : https://dailypakistan.com.pk/02-Dec-2022/1515355

اپنا تبصرہ بھیجیں