فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں 400 سے 500 غیر ملکی ورکرز کی اموات ہوئیں قطر نے تسلیم کرلیا

فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں 400 سے 500 غیر ملکی ورکرز کی اموات ہوئیں، قطر نے … دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں پر 200ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ اس عالمی مقابلے کے لیے عالیشان سٹیڈیمز اور عمارات تعمیر کی گئیں۔ ان منصوبوں کی تعمیر میں سینکڑوں غیرملکی مزدوروں کے جاں بحق ہونے کی خبر بھی گردش میں رہی۔ اب اس حوالے سے قطری حکام نے حتمی جواب دے دیا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق میزبان ملک کے ورلڈ کپ چیف حسن الثاوادی نے برطانوی صحافی پیئرس مورگن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے مکمل کیے گئے منصوبوں کی تعمیر میں 400سے 500غیرملکی ورکرز کی موت ہوئی۔ اموات کی یہ تعداد 2010ءمیں قطر کو فیفا کی میزبانی ملنے کے بعد سے شروع ہونے والے آج تک کی مکمل تعداد ہے، جو فیفا سے متعلق منصوبوں کی تعمیر میں ہوئیں۔ حسن الثاوادی کا کہنا تھا کہ ”ان 12سالوں میں 40غیرملکی ورکرز کی اموات ہوئیں جو سٹیڈیمز کی تعمیر میں حصہ لے رہے تھے۔باقی اموات دیگر تعمیراتی منصوبوں میں ہوئیں۔ہمارے لیے ایک موت بھی انتہائی المیے کی بات ہے۔ “ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں قطر پر انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات عائد ہوتے رہے اوردعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ ان منصوبوں میں ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ہونے والی اموات کے متعلق جامع تحقیقات کی جانی چاہئیں اور پورا ڈیٹا سامنے لایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرنے والے ورکرز کے خاندانوں کو زرتلافی کی رقم ملی یا نہیں، اس بات کی تصدیق بھی ضروری ہے۔ مزید : کھیل –
Source : https://dailypakistan.com.pk/01-Dec-2022/1515327

اپنا تبصرہ بھیجیں