بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلمان طالبات کے حجاب لینے کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازعہ شدت اختیار کرگیا جس کے بعد ریاستی حکومت نے اگلے تین دنوں کیلئے ہائی سکولز اور کالجز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک ٹویٹ میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوا راج بومائی نے کہا کہ وہ تمام طلبہ، اساتذہ اور سکولوں اور کالجز کی انتظامیہ سمیت کرناٹک کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ریاست میں امن و امان کی صورت حال خراب نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے اگلے تین روز کیلئے سکول اور کالجز بند کرنے کا اعلان کردیا ہے اس لیے تمام لوگ حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
دوسری جانب کرناٹک ہائی کورٹ میں مسلمان طالبات کی درخواست پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے اپیل کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے۔ مسلمان طالبات کی جانب سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ یہ ان کا بنیادی حق ہے کہ وہ کس قسم کا لباس پہن کر کالج آتی ہیں، حجاب ان کی اسلامی ثقافت کا حصہ ہے جس سے روکا نہیں جاسکتا۔
خیال رہے کہ حجاب پر تنازعہ اس وقت پیدا ہوا تھا جب ایک کالج میں حجاب کرنے والی مسلمان طالبات کو کلاسز میں بٹھانے سے انکار کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں 5 فروری کو کرناٹک حکومت نے ایک آرڈر جاری کیا جس میں کالجوں میں حجاب لینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
0 تبصرے