ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ نے پولیس کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے، بتایا کہ شادی کی تاریخ یاد نہیں، بلال شاہ نے بتایا کہ ان کا اس وقت پولیس سمیت کسی سرکاری محکمے سے تعلق نہیں۔
جیو نیوز کے مطابق ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر سے سوال کیا گیا کہ کہ کیا آپ کبھی پولیس میں تھے؟بلال شاہ نے جواب دیا کہ شوق کے لیے پولیس میں بھرتی ہو گیا تھا لیکن جاتا نہیں تھا، پولیس کی نوکریاں پیسے دے کر خریدی جاسکتی ہیں۔
پھر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ بھی پیسے دے کر بھرتی ہوئے تھے جس پر جواب ملا کہ میں میرٹ پر بھرتی ہوا تھا۔بلال شاہ نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی بلاول ہاؤس میں نوکری نہیں کی اور میرے پاس ویگو نہیں، اس سے بہت اچھی اچھی گاڑیاں ہیں، کرائے کے گھر پر نہیں رہتا بلکہ گھروں کو کرائے پر دیا ہوا ہے۔
ذریعۂ معاش سے متعلق سوال کے جواب پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ جم انسٹرکٹر ہوں، ڈیفنس میں اپنا جم ہے، جو تین سال سے چلا رہا ہوں اور یہی ذریعۂ معاش ہے، حکومتِ پاکستان کو ٹیکس دیتا ہوں لیکن یاد نہیں کتنا ٹیکس دیتا ہوں۔
حریم شاہ سے شادی سے متعلق سوال پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ حریم شاہ سے 4 ماہ قبل شادی ہوئی، تاریخ یاد نہیں۔ بھائی کی منشیات کے الزام میں گرفتاری اور پولیس میں نوکری سے متعلق سوال کے جواب پر بلال شاہ کا کہنا تھا کہ بھائی حاضر سروس پولیس اہلکار ہے، گرفتاری سے متعلق معلوم نہیں اور یہ جھوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حریم شاہ سے شادی اور سندھ ہائی کورٹ سے ایف آئی اے کے خلاف اپنی بیوی کے لیے حکمِ امتناع لینے کے بعد میرے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی گئی، اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے، رپورٹ بنانے اور بنوانے والوں کے خلاف قانونی جنگ لڑوں گا۔
واضح رہے کہ پولیس رپورٹ میں حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہیں سندھ پولیس سے جرائم پیشہ سرگرمیوں پر برطرف کیا گیا۔سپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں بلال شاہ پر منشیات فروشی اور مساج سینٹر سے بھتہ وصول کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔بلال شاہ بطور کانسٹیبل بلاول ہاؤس میں رہے جس پر انہوں نے اپنی تصاویر کئی اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ بنوائیں۔
0 تبصرے