31جنوری 1961ءکو تاریخ میں پہلی بار ایک چمپنزی کو خلاءمیں بھیجا گیا تھا۔ گزشتہ روز اس سائنسی کامیابی کو 61سال مکمل ہو گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس چمپنزی کا نام ’ہیم‘ تھا جسے ’مرکری ریڈ سٹون راکٹ‘ میں بٹھا کر خلاءمیں پہنچایا گیا تھا۔ہیم کے بعد اسی سال اپریل میں سوویت یونین کے خلاءنورد یوری گاگرین خلاءمیں گئے۔
رپورٹ کے مطابق ہیم کو امریکی ریاست فلوریڈا میں کیپ کیناورل سے امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے ماہرین نے خلاءمیں بھیجا تھا۔ ہیم کی یہ فلائٹ ساڑھے 16منٹ تک رہی اور وہ157میل کی بلندی تک گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سفر میں ہیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا تاہم وہ جب واپس آیا تھا تو اس کے جسم میں قدرے پانی کی کمی محسوس کی گئی۔
خلاءمیں جانے تک اس چمپنزی کا کوئی نام نہیں تھا۔ جب وہ بخیریت خلاءسے واپس زمین پر آ گیا تو اسے ’ہیم دی ایسٹرو چمپ‘ (Ham the Astrochimp)کا نام دیا گیا۔ اس سے پہلے امریکی ایئرفورس اور سائنسدان اسے ’نمبر 65‘ کہہ کر پکارتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ہیم 1957ءمیں کیمرون ، افریقہ میں پیدا ہوا تھا۔ اسے شکاری پکڑ کر فلوریڈا کے شہر میامی لائے تھے، جہاں سے اسے امریکی ایئرفورس نے خرید لیا۔ اس کے علاوہ دیگر چند چمپنزی بھی خرید کر ہولومین ایئرفورس بیس پر رکھے گئے تھے اور انہیں مسلسل ایسے ہی تجربات کی تربیت دی جاتی رہی تھی۔
0 تبصرے